جے پور، 15دسمبر(ایس اونیوز/ایجنسیز) پہلی بار ایم ایل اے بنے بھجن لال شرما نے جمعہ کو جے پور میں ایک تقریب میں راجستھان کے وزیر اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ مشہور البرٹ ہال کے سامنے منعقدہ تقریب میں وزیر اعظم نریندر مودی، مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ، بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے صدر جے پی نڈا، کئی مرکزی وزراء اور مختلف ریاستوں کے وزرائے اعلیٰ کی موجودگی میں انہیں گورنر کلراج مشرا نے عہدے کا حلف دلایا۔
گورنر کلراج مشرا نے بھجن لال شرما کے ساتھ ساتھ دیا کماری اور پریم چند بیروا کوبھی حلف دلایا۔
حلف لینے سے پہلے وزیر اعلی بھجن لال شرما جے پور کے گووند دیو جی مندر پہنچے،جہاں پوجا پاٹ کیا۔ جمعہ کو وزیر اعلی بھجن لال شرما کی 56 ویں سالگرہ بھی ہے۔ بھجن لال شرما ریاست کے 14ویں وزیر اعلیٰ بن گئے ہیں۔ اس موقع پر دیا کماری اور پریم چند بیروا نے نائب وزیر اعلیٰ کے عہدے اور رازداری کا حلف لیا۔
حلف برداری کی تقریب کی وجہ سے جمعہ کو البرٹ ہال میں سیاحوں کے لیے داخلہ مکمل طور پر بند کیا گیا تھا۔
قابل ذکر ہے کہ حال ہی میں ہوئے اسمبلی انتخابات میں بی جے پی نے اکثریت حاصل کی ہے۔199 اسمبلی سیٹوں پر ہوئے انتخابات میں بی جے پی کو 115 سیٹوں پر کامیابی ملی۔ وہیں کانگریس نے 69 سیٹیں جیتی ہیں۔ شرما نے سنگانیراسمبلی حلقہ سے انتخابات میں کامیابی حاصل کی تھی۔